ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار: اترکنڑا ضلع میں انتخابی تیاریاں مکمل :1435پولنگ بوتھ، 6416اہلکار اور 719ویب کاسٹنگ بوتھ

کاروار: اترکنڑا ضلع میں انتخابی تیاریاں مکمل :1435پولنگ بوتھ، 6416اہلکار اور 719ویب کاسٹنگ بوتھ

Tue, 09 May 2023 21:41:48    S.O. News Service

کاروار:9؍ مئی (ایس اؤ نیوز)10 مئی کو ہونے والے ریاستی ودھان سبھا انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔آج شام تک  ضلع کے سبھی مراکز سے ہمارا انتخابی عملہ اپنے متعینہ پولنگ بوتھ پر پہنچ جائے گا اور پولنگ کی تیاری کرے گا ۔ اکثر عملہ رات وہیں قیام کرے گاتو خواتین کےلئے علاحدہ انتظام کیاگیا ہے۔ اسی طرح جس عملے کا گھر پولنگ بوتھ کے قریب ہے اور وہ وقت پر اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہوسکتاہےانہیں رات میں گھر جاکر قیام کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ ان باتوں کی جانکاری کاروار میں بلائی گئی پریس کانفرنس میں  اتر کنڑا دپٹی کمشنر پربھو لنگا کولیکٹی نے دی۔

ریاستی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتخابی تیاریوں کے متعلق جانکاری فراہم کرتے ہوئے پربھو لنگا نے بتایا کہ ضلع بھر میں  جملہ 11،94،714رائے دہندگان ہیں۔ان میں  7ٹرانسجنڈر ہیں۔ اس مرتبہ الیکشن کمیشن نے بزرگوں اور اپاہجوں  کو گھر سے ہی ووٹنگ کرنےکی سہولت دی تھی۔ ہمارے ضلع میں دونوں زمروں پر مشتمل ایسے ووٹروں کی تعداد قریب 42ہزار ہیں ،جب انہیں ووٹنگ کےلئے مقام طئے کرنے کا حق دیاگیا تو ان میں 4500رائے دہندگان نے کہاکہ وہ اپنے گھروں سے ہی ووٹنگ کریں گے۔ گھروں سے ہی ووٹ کرنےوالوں کی شرح 95.43فی صد رہی۔

ڈی سی نے بتایا کہ پولنگ ڈیوٹی کے لئے تعینات عملہ اپنے مسٹرنگ سنٹروں پر 9مئی کی صبح کو ہی پہنچ گئے اور وہاں پر موجود افسروں سے پولنگ مشین سمیت ضروری اشیاء وغیرہ لےکر شام کو اپنے اپنے پولنگ بوتھوں کی طرف روانہ ہوگئے۔ صبح 5بجے سے ہی عملہ اپنی تیاریاں مکمل کرلے گا اور 6بجے سے رائے دہی شروع ہوجائے گی۔ اسی طرح 13تاریخ کو کمٹہ کی اے وی بالیگا کالج میں ضلع کے سبھی 6حلقہ جات کے ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ جس کےلئے بھی پوری تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں۔

ضلع میں1435پولنگ بوتھ ہیں، 1122 لوکیشن ہیں، ان میں 861 سنگل پولنگ لوکیشن ہیں اور287کریٹیکل پولنگ بوتھ ہیں جہاں کڑی نگرانی رکھی گئی ہے۔انتخابات کے لئے ضلع بھر میں  6416عملہ کے علاوہ گروپ ڈی کا عملہ اور پولس اہلکار بھی  نامزد کئے گئےہیں۔ ضلع میں کل  719ویب کاسٹنگ پولنگ بوتھ ہیں جہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جس کے ذریعے  لائیو دیکھا جاسکتاہے جس کی نگرانی کنڑول روم کے ذریعے کی جائےگی اور اس کا لنک سی ای او آفس بنگلورو سے بھی ہوگا جہاں سے متعلقہ مراکز پر ہونے والی پولنگ کو راست دیکھا جاسکے گا۔ اسی طرح ضلع میں 287مائیکرو آبزرورس کو  متعینہ پولنگ بوتھ پر تعینات کیاگیا ہے۔گذشتہ مرتبہ کے مقابلے اس مرتبہ  زائد پولنگ کےلئے مسلسل کوششیں ہورہی ہیں۔اس سلسلے میں چند  خصوصی بوتھوں  کو سجایا گیا ہے، ہر ایک اسمبلی  حلقہ میں 2اپاہج بوتھ سنٹرہونگے جہاں زائد عملہ اور سہولیات ہونگی۔ اسی طرح نوجوانوں کو ووٹنگ کی طرف راغب کرنے کےلئے خصوصی طورپر  2نوجوان پولنگ  بوتھ بھی بنائے گئے  ہیں اور اسمبلی حلقہ کی فطری مناظر کو سامنے رکھتےہوئے دو مخصوص پولنگ بوتھ بھی بنائے گئےہیں۔ ہر اسمبلی حلقہ میں 5خواتین پولنگ بوتھ بھی ہونگے جہاں صرف خواتین ہی ڈیوٹی پر رہیں گی۔

ڈی سی نے بتایا کہ انتخابی تشہیری مہم کے دوران ضلع بھر میں کل 38300000روپئے مالیت کے نقد، شراب ودیگر اشیاءضبط کئے گئے ہیں اور 32ایف آئی آردرج ہوئےہیں۔ اس کے علاوہ 3جنرل آبزرورس اور 3اخراجات کے آبزرورس بھی ہیں اور کاؤنٹنگ کےلئے خاص کر 3اضافی آبزرورس ہونگے جو رائے شماری کی نگرانی کریں گے۔

ڈی سی نے عوام سےزائدپولنگ کی اپیل کرتےہوئےکہاکہ ہم نے اس مرتبہ پولنگ کی شرح میں اضافے کےلئے کئی کوششیں کی ہیں آپ کا تعاون ضروری ہے انہوں نے کہا کہ عوام  کی مدد سے ہی ہم کوشش کریں گے اس مرتبہ 80فی صد زائد پولنگ ہو۔  

پریس کانفرنس میں موجود ضلع ایس پی وشنو وردھن نے انتخابات کے موقع پر پولس بندوبست کی تفصیلات فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں کل  1352پولس افسران و اہلکار سکیورٹی کےلئے تعینات کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ  850ہوم گارڈس(200ہوم گارڈس شولاپور سے ہیں)،8 پیرا ملٹری دستے، کے ایس آرپی کے دستے بھی مختلف مقامات پر حفاظت کےلئے تعینات کئے گئے ہیں۔ انتخابی کارروائی کی نگرانی کےلئے پولس محکمہ کی جانب سے  قریب140سیکٹرس  موبائیل پولس افسران ہونگے۔اس کے علاوہ  7راجستھان فورس، 7سی آئی ایس ایف، 4سی آر پی ایف کے دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں۔

 


Share: